اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایف بی آر نے تنازعات طے کرانے کا متبادلنظام کے تحت مختلف شہروں میں افراد کے ناموں پر مشتمل پینل تشکیل دیئے ہیں جن میں سے تنازعات طے کرانے والی کمیٹی تشکیل دی جا سکے گی جو تنازعہ کا حل تجویز کرے گی۔ ایبٹ آباد کے لئے خرم غیاث خان اور حاجرہ ذکی ایڈووکیٹ بہاولپور کے لئے 6 افراد کا پینل تجویز کیا گیا ہے جن میں ملک سعید اعجاز‘ اقبال حیدر‘ جاوید اقبال‘ صلاح الدین چودھری محمد علی شامل ہیں۔ فیصل آباد کے لئے 5 افراد کا پینل بنایا گیا ہے جن میں محمد سعید شیخ‘ حامد مسعود‘ سلیمان زاہد‘ میاں منور اور منور اے شیخ شامل ہوں گے۔ اسلام آباد کے لئے 11 رکنی پینل ہو گا جن میں جاوید اقبال‘ حامدعثمان‘بیرسٹر سہیل نواز‘ طارق مقبول خواجہ‘ سید توقیر بخاری، ریاض حسین‘ شہزاد قاضی‘ خالد اقبال ملک‘ طارق صادق‘ میاں محمد رمضان شامل ہوں گے۔ کراچی کے لئے 27 ‘ لاہور کے لئے 13 افراد کا پینل ہو گا۔ اس وقت ان لینڈ ریونیو ٹربیونل کے روبرو 27 ہزار اور کسٹمز ٹربیونل کے روبرو 5 ہزار معاملات زیرالتواءہیں۔ عدلیہ میں 13 ہزار کیسز زیرالتواءہیں جن میں 300 ارب روپے کا ریونیو پھنسا ہوا ہے۔ کسی بھی فرد کی طرف سے تنازعہ طے کرانے کے لئے درخواست کی صورت میں 60 دنوں کے اندر کمیٹی بنائی جائے گی۔ کمیٹی 90 دن میں فیصلہ دے گی۔ اگر ایف بی آر 90 دنوں میں اس پر فیصلہ نہیں کرتا تو کمیٹی کا فیصلہ ازخود لاگو ہو جائے گا۔