اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور اٹلی نے تمام شعبوں میں موجودہ شراکت کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے اٹلی کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون بینڈیٹو ڈیلاویدووا نے ملاقات کی۔ مشیر خارجہ نے انسداد دہشت گردی، اقتصادی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے پاکستان میں گزشتہ 4 سال میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی ہمارا قریبی دوست اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں اہم شراکت دار ہے، ہم مختلف شعبوں میں اطالوی تعاون کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لئے وزیراعظم کے اقدامات اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے روابط برقرار رکھنے کے عزم سے بھی اطالوی وزیردفاع کو آگاہ کیا۔ دونوں اطراف نے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں اطراف میں مفاہمت پائی گئی کہ اقوام متحدہ میں ’’اتفاق کے لئے متحد گروپ‘‘ کے اراکین کے طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے اٹلی کے نائب وزیر برائے بین الاقوامی تعاون بینڈیٹو ڈیلاویدووا نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی تعاون، تجارت، آٹو سیکٹر اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعلقات کو وسعت دینے کا عزم رکھتا ہے۔