کاہنہ (نامہ نگار) کاہنہ میں تیز رفتار ڈمپرنے گدھا گاڑی کو ٹکر ماردی دونوں سوار سگے بھائی موقع پر جاں بحق لواحقین نے مشتعل ہو کر نعشیں فیروز پور روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج تین گھنٹے تک بند رہنے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کاہنہ کے علاقہ سواآصل کے قریب فیروز پور روڈ پر پانڈوکی گائوں کے غفور کے دو بیٹے 13 سالہ زین اور 9 سالہ حسنین اپنی گدھا گاڑی پر پینے کا صاف پانی لینے کیلئے آئے تو سامنے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر جس پر مٹی لدی ہو ئی تھی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ لواحقین نے مشتعل ہو کر بچوں کی نعشیں فیروز پورروڈ پررکھ کر ٹریفک مکمل طور پر بند کردی، اہل علاقہ نے پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ لواحقین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کاہنہ پولیس اسٹیشن کی چوکی سواآصل نے ڈرائیور کو ڈمپر سمیت فرار کرا دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حسنین شدید زخمی حالت میں سڑک پر تڑپتا رہا لیکن پولیس اہلکار کھڑے تماشا دیکھتے رہے، اگر وہ بچے کو قریبی ہسپتال پہنچا دیتے تو اسکی جان بچ سکتی تھی لیکن پولیس نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کیا تین گھنٹے تک ٹریفک معطل رہنے سے گاڑیوں میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں جس کی وجہ سے دوردراز کے علاقوں میں جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایس پی ماڈل ٹائون اسماعیل کھاڑک کی اس یقین دہانی کے بعد کہ پولیس اہلکاروں کیخلاف فوری قانونی کاروائی کی جائیگی اور ڈرئیور کو فوری گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جائے گا مظاہرین نے ٹریفک کھول دی۔