اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سوات یونیورسٹی کی زمین کے حصول اور عمارت کی تعمیر کے سلسلے میں دیئے گئے ٹھیکہ میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمشن کو ہدایت کی وہ سوات یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے زمین کے حصول اور یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کے نئے ڈیزائن کی منظوری کے سلسلے میں قانون کی خلاف ورزی کا نوٹس لے اور 15 روز میں رپورٹ پیش کرے۔ کمیٹی اس رپورٹ کی بنیاد پر کیس کسی تحقیقاتی ادارہ کے سپرد کریگی۔ کمیٹی نے اپرنٹس شپ بل پر بھی غور کیا اور بل میں زبان کی غلطیوں اور لفظوں کے ہجوں(سپیلنگز )کی غلطیوں کا بھی نوٹس لیا۔