لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ( ن)، پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت 333 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخی کیلئے دائر درخواست پرچیف الیکشن کمشنر، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار صفدر شاہین گل نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کیلئے الیکشن کمشن کے روبروانکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانا،ذرائع آمدن اور اثاثے ظاہر کرنا لازم ہے۔ 333 چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں میں سے 8 سیاسی جماعتوں نے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے ظاہر کئے جبکہ کسی ایک سیاسی جماعت نے بھی ذرائع آمدن اور اثاثے الیکشن کمشن کے روبرو ظاہر نہیں کئے۔انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانا، ذرائع آمدن اور اثاثے ظاہر نہ کرنا پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کے سیکشن 13 کی سنگین خلاف ورزی ہے۔