راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کی مقامی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی ایماءپر پی پی پی پنڈی سٹی کا دفتر سیل کردیا گیا اور کہا گیا ہے کہ 8سال سے عدم ادائیگی ٹیکس کے باعث دفتر سیل کیا جارہا ہے۔ حالانکہ جب سے آصف علی زرداری نے چکری میں جلسہ عام کا اعلان کیا ہے مسلم لیگی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ بدھ کے روز محترمہ بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر بابر سلطان جدون، سیکرٹری جنرل افتخار چوہدری اور دیگر رہنماو¿ں نے کہا ہے کہ ہم نے تین روز قبل بلاول ہاو¿س میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں چکری میں جلسہ عام منعقد کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ جس کے بعد چوہدری نثار علی خان بدحواسی کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ 5 مرلے تک تو پراپرٹی ٹیکس معاف ہے لیکن ہمارے دو مرلہ کے دفتر کو سیل کردیا گیا۔ اس سوال کے جواب میں کہ اگر حکومت نے ٹیکس نہیں بھجوایا تو آپ کو خود ہی ٹیکس جمع کرانا چاہیے تھا۔ لیکن انہوں نے چپ سادھ لی اور کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر 24گھنٹے تک ہمارا دفتر ڈی سیل نہ کیا گیا تو شدید احتجاج کریںگے جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی بنیادیں اسٹیبلشمنٹ نے رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ریاستی اداروں کی مدد سے حکومت کی ہے لیکن وقت بدلتے دیر نہیں لگتی۔ آج مسلم لیگ (ن) تو کل پیپلز پارٹی کو کی حکومت بھی آسکتی ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو تو آج تک جائے شہادت تک کا دورہ نہیں کرسکے تو انہوں نے کہا کہ بعض سیکورٹی مسائل تھے جن کی وجہ سے وہ نہیں آسکے۔ انہوں نے کہا کہ چکری میں جلسہ عام کی تاریخ کا جلد اعلان کریں گے جس میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ ہوگا۔