ٹیکسلا میوزیم‘ نوادرات کی چوری‘ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے: پبلک اکائونٹس کمیٹی

Mar 30, 2017

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بدھ مت کے سینکڑوں سال پرانے قیمتی نوادرات چوری ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق 1999ء میں ٹیکسلا کے میوزم سے بدھ مت کے سینکڑوں سال پرانے اربوں روپے مالیت کے نوادرات چوری ہونے پر اس وقت کے میوزیم انچارج سمیت اس میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمیٹی کے اگلے اجلاس میں اس وقت میوزیم انچارج کو تمام تفصیلات سمیت طلب کرلیا ہے۔ ممبر کمیٹی عبدالمنان نے کہا کہ میوزیم کے گارڈز یہ کام نہیں کرسکتے، جاپان سے بدھ مت لوگ دورے پر آئے ہوں گے جن کو میوزیم کی انتظامیہ نے لاکھوں ڈالرز میں یہ نواردات بیچ دئیے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور اس میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہئے۔ اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نوادرات قیمتی ہونا یا نہ ہونا الگ بات ہے مگر نایاب چیزیں قومی سرمایہ ہوتی ہیں ایسے لوگوں کو معاف نہیں کرنا چاہئے۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ مقدمہ میں اس وقت کے میوزیم انچارج کو بھی شامل تفتیش کیا جائے تو معاملہ خود بخود کھل جائے گا۔

مزیدخبریں