اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن نے بعض اخبارات میں چھپنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ اتھارٹی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے) کے بائی لاز کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔خبروں کے مطابق گریڈ 20سے 22کے سرکاری افسران کیلئے کری روڈ سکیم میں 588پلاٹس ڈویلپ کیے گئے تھے اور گرین بیلٹ، پارکس اور قبرستان کیلئے مخصوص جگہوںکو زیر استعمال لاکر من پسند افسران کیلئے مزید40پلاٹس تیار کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ اتھارٹی کے مطابق حقیقت میں ایسی کوئی بات نہیں ہے اور یہ کہ نظر ثانی شدہ لے آؤٹ پلان میں صرف انہی قطعات پر پلاٹس ڈویلپ کیے جار ہے ہیں جو کہ مستقبل کے استعمال کیلئے پہلے سے ہی مخصوص ہے۔ اور یہ کہ نظر ثانی شدہ لے آؤٹ پلان سی ڈی اے کے پاس2015سے پینڈنگ پڑا ہوا ہے۔