واجد ضیا نے پھر نواز شریف کے حق میں بیان دیا: مریم اورنگزیب

Mar 30, 2018

اسلام آباد (نا مہ نگار) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ واجد ضیا قانونی نکات پر جواب دینے سے پھر قاصر تھے، نیب کے سٹار گواہ نے پھر نواز شریف کے حق میں بیان دیا، یہ کون سی جے آئی ٹی تھی جو قانون سے بالاتر ہو کر اپنے اتفاق رائے پر کام کر رہی تھی، شریف خاندان کا جس خط پر سارا ریکارڈ تھا وہ گواہ خود کہہ رہا ہے کہ مجھے سوالنامہ بھیج دیں لیکن نہیں بھیجا گیا، ملالہ یوسفزئی کا پاکستان میں آنا دہشتگردی کو شکست ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے جو لوگ ملک سے چلے گئے تھے آج واپس آ رہے ہیں۔ تمام قوم اور اداروں کی قربانیاں اس میں شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 29سال کا تجربہ رکھنے والے واجد ضیا کو یہ نہیں پتہ کہ کون سا قانون ان کو قطری شہزادے کو سوالنامہ بھیجنے سے روکتا تھا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ منتخب وزیراعظم کو نکال کر آج تک ثبوت ڈھونڈے جا رہے ہیں، آج تک وہ صندوق کی چابیاں جو واجد ضیا کے پاس ہیں ان سے کچھ نہیں نکلا، صندوقوں میں وہ دستاویزات ہیں جو شریف خاندان نے جمع کرائے انہی کو جے آئی ٹی اپنے ثبوت کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ پی ٹی وی کے حوالے سے سوال پرمریم اورنگزیب نے کہا کہ دو فلور کیا ایک اینٹ بھی کسی کو نہیں دی گئی۔

مزیدخبریں