لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ویسٹ انڈیز سے 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان ٹیم کراچی پہنچ گئی جبکہ ویسٹ انڈین کھلاڑی ہفتے کی شب پاکستان پہنچیں گے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم 12 سال بعد پاکستان کا دورہ کرےگی،پہلا میچ پرسوں کھیلا جائیگا۔ 15رکنی گرین شرٹس کا تربیتی کیمپ شروع ہو گیا۔کیربیئن کپتان جیسن ہولڈرز نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے پی ایس ایل کھیلنے والے آندرے فلیچر، چیڈوک والٹن اور سیموئیل بدری 15رکنی کیربیئن سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ مہمان ٹیم نوجوان پلیئرز پر مشتمل ہو گی۔کالی آندھی کیخلاف سیریز کی تیاری کیلیے قومی کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، معاون سٹاف اور کپتان سرفراز احمد کی نگرانی میں نیشنل سٹیڈیم میں شام6سے رات9بجے تک پریکٹس کی ۔ٹی ٹونٹی میں بہترین ٹیلنٹ کے حوالے سے مشہور کیریبیئنز کو زیر کرنے کی پلاننگ بھی کی جائےگی، گرین شرٹس کی ٹریننگ کا دوسرا سیشن آج شام4سے7بجے تک ہوگا، کل شام ساڑھے5بجے پریس کانفرنس شیڈول ہے، بعد ازاں پریکٹس کیلئے کھلاڑی 6 سے 9 بجے تک میدان میں موجود رہیں گے۔ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے 13رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ‘جیسن محمدقیادت کریں گے۔کرس گیل، براوو برادران، سنیل نارائن, جیسن ہولڈر اور کیرن پولارڈ نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ۔ویسٹ انڈیز کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو نے کہا کہ کراچی میںپی ایس ایل کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد ہمارا سکواڈ 3 ٹی20 میچوں کی کیلئے پاکستان جائےگا ۔ یہ قدم ا دوست پاکستان کی ملک میں کرکٹ میں واپسی میں مدد کرنے کیلئے یقینی بنایا ہے۔ سینئر کھلاڑیوں کی غیرموجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے موقع ہے کہ وہ عمدہ کارکردگی دکھا کر مستقبل میں نیشنل ٹیم میں سلیکشن کی راہ ہموار کریں۔ 4 ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابھی تک ڈیبیو نہیں کیا۔کھلاڑیوں میںجیسن محمد(کپتان)، سیمیول بدری، دنیش رامدین، ریاض ایمرت، آندرے فلیچر، آندرے میک کارتھی، کیمو پال، سیراسیمی پرمال، روومین پاول، ، مارلن سیمیولز، اوڈن سمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز شامل ہیں۔ٹیم کے ہیڈ کوچ سٹورٹ لا، اسسٹنٹ کوچ الفونسو تھامس کےساتھ ساتھ بقیہ کوچنگ اور سپورٹنگ سٹاف جبکہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے اہم آفیشلز بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
سکیورٹی ادارے پی ایس ایل فائنل کاکامیاب انعقاد ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز سے سیریز کیلئے بھی بھرپور پلاننگ کرچکے ہیں۔ فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، پہلے حصار میں پاک فوج کے جوان، دوسرے میں رینجرز ہونگے، پولیس سٹیڈیم کے باہر اور سڑکوں کی حفاظت پر مامور ہوگی۔ایئرپورٹ سے ٹیم کے نکلنے پر شاہراہ فیصل کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا، ہیلی کاپٹر بھی پرواز کرتے اور روٹ کی فضائی نگرانی کرتے رہیں گے۔ ٹیموں کی گزر گاہوں کو بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے چیک کیا جائے گا،سٹیڈیم جانے والے راستوں کو بند کردیا جائیگا، شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ حکیم سعید گراو¿نڈ، اتوار بازار، وفاقی اردو یونیورسٹی، چائنہ گراو¿نڈ، غریب نواز گراو¿نڈ میں کی جائیگی، شائقین کو گراو¿نڈ سے سٹیڈیم شٹل سروس سے پہنچایا جائیگا، ماچس، لائٹر، سگریٹ ، گٹگا اور کھانے پینے کی اشیا سٹیڈیم میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔میچز کے دوران سٹیڈیم اور اطراف میں ہیلی کاپٹر سے سکیورٹی کی نگرانی کی جائیگی، شائقین کی پارکنگ میں اور سٹیڈیم میں داخل ہوتے وقت جامہ تلاشی لی جائےگی جس کے بعد انھیں سٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
، راشد منہاس روڈ ، شارع فیصل ، شارع قائدین اور شارع پاکستان ٹریفک کیلئے کھلی رہیں گی، حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سکیورٹی عملے کے ساتھ تعاون کریں۔