نیویارک ( آن لائن )اقوام متحدہ میں تعینات پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر بھی توجہ دے، مقبوضہ وادی میں غاصبانہ تسلط اور حق خود ارادیت کے انکار سے پیدا صورت حال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ میں دہشت گردی میں استعمال ہونے والے مالیاتی وسائل کی روک تھام کے حوالے سے سلامتی کونسل میں ہونے والی بحث سے خطاب میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف خاطرخواہ کامیابیاں حاصل کیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کی جامع پالیسی بنائی، دہشت گرد تنظمیوں کیخلاف قومی اداروں کو مزید فعال اور مضبوط بنا دیا۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی پر بھی توجہ دے، دہشت گردی کی علامات سے نہیں، ہمیں وجوہات سے نمٹنے کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ کے ادارے چند ممالک کے آلہ کار نہ بنیں، انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی میں غاصبانہ تسلط کو بھی دیکھا جائے۔