لاہور (خصوصی نامہ نگار)پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹیII- کے پہلے تین روزہ اجلاس میں اسمبلی سیکرٹریٹ ، محکمہ خزانہ اور آڈٹ کے مختلف محکمہ جات کی جانب سے اپنے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سید یاور عباس بخاری چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نے تمام حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر برابری کی بنیاد پر ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کرائی اور انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری محنت اور ایمانداری سے نبھانے کی کوشش کریں گے اس موقع پر کمیٹی نے گزشتہ پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹوکے فیصلوں اور سفارشات پر عمل درآمد میں تاخیر پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی کمیٹی نے اے جی آفس اور آڈٹ کی خالی آسامیوں کو فوری طورپر پُر کرنے کی ہدایت کی۔ دوران بریفنگ، کمیٹی نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگی میں تاخیر پربرہمی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں محکمہ خزانہ اوراے جی آفس کو تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے محکمہ آڈٹ کو ہدایت کی کہ سرکاری محکموں میں بدعنوانی کو ختم کرنے کے لیے جلد از جلد سفارشات مرتب کی جائیں۔ مزید برآں کمیٹی نے پولیس و یلفیئر فنڈز سمیت چند محکموں کی جانب سے آڈٹ کرانے سے انکار پر شدید تحفضات کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ پنجاب حکومت کے ذمہ داران کو جلد طلب کر کے تمام محکموں کو آڈٹ کرانے کا پابند کیا جائے گا۔
پنجاب اسمبلی پبلک اکائونٹس کمیٹی پنشن کی ادائیگی میں تاخیر پر برہم
Mar 30, 2019