اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن کے 2 اراکین کی تقرری کے عمل میں مسلسل تاخیر ہونے سے الیکشن کمیشن کے امور متاثر ہونے لگے۔ڈیڈ لائن ختم ہوئے 2 ہفتے گزر گئے لیکن تاحال تقرری کا قانونی عمل ہی شروع نہ ہوسکا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دو اراکین کی عدم تقرری سے کمیشن کے امور متاثر ہونے لگے، مقدمات کی سماعت کا سارا بوجھ چیف الیکشن کمشنر اور باقی 2 اراکین پر پڑگیا۔ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی گئیں جبکہ اس صوبے کا رکن ہی نہیں، فاٹا کی صوبائی نشستوں کے انتخابات سر پر آن پہنچے مگر کمیشن مکمل نہیں۔الیکشن کمیشن اراکین کے تقرر کا پہلا قدم وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت ہے، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے متفقہ تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے جاتے ہیں، اتفاق رائے نہ ہونے سے تین، تین ناموں کی فہرست پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائی جاتی ہے، آئین کے تحت رکن الیکشن کمیشن عہدہ خالی ہونے کے 45 روز میں نئی تقرری کرنا ہوتی ہے۔