اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر فرد سمجھتا ہے احتساب کا عمل آگے چلنا چاہئے احتساب کا عمل ہمیشہ چلنا چاہئے۔ ہم نے ان کے خلاف کوئی مقدمات نہیں بنائے تھے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ریلیف ملنے پر ہمیں کوئی تکلیف نہیں ہوئی، جن عوام کا پیسہ لوٹا گیا ان کو اس معاملے پر تکلیف ہوتی ہے۔ عمران خان پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ ہمارے یہاں امیر اور غریب کے لئے علیحدہ نظام چل رہا ہے، ان کا جیلوں میں آنا جانا چلتا رہے گا، ان کا یہ آخری کیس نہیں، مسلم لیگ ن کی عادت ہے کہ خوشی پہلے ہی منانا شروع کر دیتے ہیں بعد میں خوشی کے لڈو گلے سے اترنا مشکل ہو جاتے ہیں۔ قانون کا معاملہ قانون کا نظام خود طے کر رہا ہے، جو فیصلے ہوئے وہ میرٹ پر ہوئے ہیں۔ عدالت کے فیصلے میرٹ پر ہو رہے ہیں۔ ہمیں جیل میں قید دیگر افراد کی مشکلات کی زیادہ فکر ہے۔ حالیہ سروے میں عمران خان 57فیصد اور باقی جماعتیں18اور 19فیصد میں کھڑی ہیں۔ وزیر اعظم نیب کو کہہ چکے ہیں کہ میگا کیسز پر توجہ دینا چاہئے۔ دریں اثناء سعودی عرب کے وزیر ثقافت بدر بن عبداللہ نے بیان میں سعودی وزارت ثقافت کی تقریب میں شرکت پر فواد چودھری کا شکریہ ادا کیا۔ فواد چودھری نے اردو میں ٹوئٹ کرنے پر سعودی وزیر کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ اردو میں ٹوئٹ پاکستانی عوام سے محبت کا اظہار ہے۔ دریں اثنا سعودی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ ہم نے سعودی شہریوں کیلئے ویزہ فیس ختم کر دی ہے۔ سعودی شہریوں کو پاکستانی ایئر پورٹس پر ہی ویزہ جاری کر دیا جائے گا، سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کا تبادلہ کریں گے، ہم سعودی عرب سے ثقافتی شعبے میں بھر پور تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ سعودی عرب میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بڑی تعداد میں سعودی شہریوں کے آنے سے عوامی رابطوں کو فروغ ملے گا، سعودی سیاحوں کا پاکستان آنا ہماری معیشت کیلئے فائدہ مند ہو گا۔رات گئے وطن واپس پہنچ گئے