پٹنہ(کے پی آئی ) بھارتی ریاست بہار میں برڈ فلو کی وبا ایک ایسے وقت پھیل گئی ہے جبکہ ملک اور دنیا کے بیشتر حصوں میں کورونا وائرس کی وبا سے لوگ پریشان ہیں۔ پٹنہ کے دو مقامات سے نمونوں کی جانچ کی گئی جو انفلوئنزا(H5N1)وائرس پازیٹیو پائے گئے۔ اِس وبا کی اطلاع سے بہار کے شہریوں پر دوہرا خوف طاری ہوگیا ہے۔ فروری سے تاحال سینکڑوں کی تعداد میں برڈس کی موت ہوچکی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بہار میں سوائن فلو کا ایک مریض بھی مثبت پایا گیا ہے۔ دو مرے ہوئے کووں کے نمونوں کو بھی جانچ کے لئے بھوپال کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ کو بھیجا گیا جہاں ان کی مثبت تصدیق ہوئی ہے۔ انفلوئنزا عام طور پر برڈس کی وجہ سے پھیلتا ہے۔ پولٹری فارم بھی اِس کی وجہ بتائے گئے ہیں۔ اس وبا پر قابو پانے کے لئے مرکزی حکومت نے وٹرنری سرویسس کو بھی ضروری خدمات کے شعبہ میں شامل کردیا ہے۔ ایک وٹرنری ڈاکٹر نے بتایا کہ بیشتر افراد میں برڈس کی وجہ سے برڈفلو کی وبا پھیلی ہے ۔ اسی دوران چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کورونا وائرس سے نمٹنے والے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کیلئے کئی مراعات کا اعلان کیا ہے ۔