کرونا سے نمٹنے، غریب کو ریلیف دینے کیلئے پیٹ کاٹ کر وسائل دینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے معاشی پیکیج سے مزدور طبقے کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ کورونا وائرس سے نمٹنے اورغریب طبقے کو ریلیف دینے کے لئے پیٹ کاٹ کر وسائل دیںگے۔ زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ کورونا وائرس کی وباء نے دیہاڑی دار طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ عام آدمی اورغریب طبقے کی فلاح وبہبود کو ترجیح دی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے حالات میں مزدور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے اور تحریک انصاف کی حکومت قومی ذمہ داری اپنا فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔ 18ارب روپے کے صوبائی ٹیکسوں کی چھوٹ سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا اور پنجاب حکومت عام آدمی کو معاشی اثرات سے بچانے کیلئے آئندہ بھی مزید اقدامات کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا وائرس کی وباء کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہمارا ہر قدم کورونا وائرس کے سدباب کیلئے اٹھ رہا ہے اور ایک ایک لمحہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثر مریضوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کررہے ہیں۔ صوبے میں قرنطینہ مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو آٹے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ںکے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانون کے تحت بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کارروائی کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے اور اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سکواش کے سابق پاکستانی کھلاڑی اعظم خان کے برطانیہ میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کھیل کے میدان میں اعظم خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سکواش کے مایہ ناز کھلاڑی تھے جنہوں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...