پنجاب حکومت فلاح عامہ کیلئے رات دن کوشاں ہے:سعید الحسن شاہ

لاہور(خصوصی نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے اچانک ضلع حافظ آبادکا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا نے صوبائی وزیر کو اجلاس میں محکموں کی کارکردگی بارے رپورٹ پیش کی۔صوبائی وزیر اوقاف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عوامی مسائل کے حل کے لیے مختلف اضلاع کے دورے کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صوبائی کابینہ عوام کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے۔عوام کے لیے سہولیات اور آسانیاں پیدا کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔اوپن ڈور پالیسی اور کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔عوامی خدمت کا مشن لیے کام کر رہے ہیں۔رمضان المبارک میں سستی اشیاء کی فراہمی کے لیے سستے رمضان بازار لگائے جائینگے۔صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور چیزیں مہنگی کرنے والے مافیا کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور کہاکہ صوبے میں قرنطینہ اورآئسولیشن میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کوعلاج معالجے کے ساتھ ساتھ کھانے پینے اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اس سلسلے میں کوئی غفلت یا کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کھلی کچہری میں عوامی مسائل سنے اورسائلین کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن