سنچورین(سپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹیم نے پروٹیز دیس میں ہتھیار چمکانا شروع کردیے، پہلے سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اور فزیکل ٹریننگ پر توجہ مرکوز رہی، بارش کی وجہ سے جلد گراؤنڈ چھوڑ کر ان ڈور پریکٹس کرنا پڑی، کرونا فری قرار پاتے ہی جنوبی افریقی کرکٹرز نے بھی سیریز کی تیاریاں شروع کردیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقہ میں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلئے پریکٹس کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، سنچورین کے سپرسپورٹس پارک میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بائولنگ اور فزیکل ٹریننگ پر توجہ دی، کوچز اس دوران کھلاڑیوں کو مقامی کنڈیشنز کے تناظر میں قیمتی مشوروں سے نوازتے رہے، ابتدائی روز بارش کی وجہ سے آؤٹ ٹریننگ سیشن مکمل نہیں ہوسکا، کھلاڑیوں کو گراؤنڈ چھوڑ ان ڈور سہولیات میں منتقل ہونا پڑا، جہاں پر باقی سیشن مکمل ہوا، یہاں پر بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ پریکٹس بھی کی گئی۔پاکستان کا 34 رکنی سکواڈ کا جنوبی افریقہ آمد کے فوری بعد کرونا وائرس ٹیسٹ ہوا تھا، جس کے نتائج منفی آنے کے بعد پلیئرز کو باقاعدہ پریکٹس کی فوری اجازت مل گئی تھی۔ اسی طرح میزبان کھلاڑیوں کا بھی کوویڈ ٹیسٹ ہوا تھا، ان کے بھی نتائج منفی رہے ہیں، وہ بھی پریکٹس کا باقاعدہ آغاز کرچکے ہیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 2 اپریل سے سنچورین میں ہوگا۔دوسرا میچ 4 اپریل کو جوہانسبرگ میں ہوگا، تیسرے ون ڈے کیلئے دوبارہ دونوں ٹیمیں 7 اپریل کو سنچورین میں مدمقابل آئیں گی۔ 4 ٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز 10 اپریل سے ہونا ہے۔پہلا میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، اسی وینیو پر ہی دوسرا ٹی 20 میچ 12 اپریل کو شیڈول ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان مختصر طرز کا تیسرا اور چوتھا میچ بالترتیب 14 اور 16 اپریل کو سنچورین میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد پاکستان ٹیم زمبابوے روانہ ہوجائے گی، جہاں پر 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔
سنچورین بارش بھی رکاوٹ نہ بن سکی قومی کرکٹرز کی انڈور پریکٹس
Mar 30, 2021