شاہ عالم چندہ اکٹھا کرنے پر 2تاجر گروپوں میں فائرنگ 3ہلاک 3زخمی

لاہور (نامہ نگار) شاہ عالم مارکیٹ میںگلی کی تعمیر کے لئے دکانداروں سے دو دو ہزار روپے اکٹھے کرنے کے تنازعہ پر دو تاجرگروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ3 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ دن دیہاڑے فائرنگ سے شدید خوف وہراس پھیل گیا اور لوگوں نے زمین پر لیٹ اور بھاگ کر جانیں بچائیں۔ بھگدڑ مچ گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق  تاجر اپنی مدد آپ کے تحت فی دکاندار 2ہزار روپے اکٹھے کر رہے تھے۔ اس بات کو لے کر باڑا مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اور ایک پلازے کے مالک عاطف قریشی اور نائب صدر شاہ عالم مارکیٹ مارکیٹس بورڈ چوہدری زبیر کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا۔ جس پر دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر اسلحہ تان لیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ زد میں آ کر عاطف قریشی، چوہدری زبیر اور ریڑھی بان بوٹا ہلاک جبکہ طاہر، عمران اور عرفان شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ دکانداروں اور  گاہکوں نے زمین پرلیٹ، بھاگ و چھپ کر جانیں بچائیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس و امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے تینوں زخمیوں طاہر، عمران اور عرفان کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ پولیس نے نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہیں اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ ہسپتال میں دو زخمیوں عرفان اور طاہر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر   سے رپورٹ طلب کی اور حکم دیا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتار کیا جائے۔ دریں اثناء سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی حسن جہانگیر سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن