اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان سیاست کا بھی کپتان ہے۔ اس کے خلاف کھڑے ہونے والی اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ہمیشہ کیلئے الگ الگ ہوگئے ہیں۔ اصل فیصلہ فضل الرحمان نے کرنا ہے۔ کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ لاک ڈائون این سی او سی کا کام ہے۔ اسلام آباد کو باغوں اور پارکوں کا شہر بنائیں گے ۔ کسی کی وزارت میں مداخلت کرتا ہوں نہ کسی کو کرنے دیتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر قائد اعظم یاد گاری پورٹریٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ سارے عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے اور ٹھس ہو گئے۔ پی ڈی ایم میں اختلاف اپوزیشن کی نااہلی ہے، اپوزیشن کو کہتے ہیں اب آپ لوگوں سے عمران خان نہیں جانے والا، اسمبلیوں میں آئیں ریفارمز پر بات کرتے ہیں۔ حکومتیں 14سے20ماہ میں بھی ختم ہوئی ہیں۔ وقت ہے کہ انتخابی اصلاحات کریں۔ عمران خان کے خلاف اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی۔ کابینہ میں ردوبدل ہوتا رہتا ہے۔ کسی بھی وزارت میں ہو وہ وزیر ہی ہوتا ہے۔ عمران خان کے ساتھ آیا ہوں اور ساتھ ہی جائوں گا۔ غریب کے لئے پاسپورٹ کی میعاد10 سال کر دی ہے۔ عمران خان نے کور کمیٹی، ترجمانوں اور وزرا سے کہا ہے کہ وقت کم ہے کام کریں۔ چینی سکینڈلز کو شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں۔ کل ایپس لا رہے ہیں، ایک جگہ پر 18سال سے بیٹھے افسروں کو تبدیل کر رہے ہیں اور ان کی جگہ دوسرے افسر کو لگا رہے ہیں، ان کے انٹرویو ہو چکے ہیں۔