نوشہرو فیروز‘خیرپور (نامہ نگاران) نوشہرو فیروز میں کوٹ لالو مہران ہائی وے پر مسافر وین اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔مہران ہائی وے پر تیز رفتار مسافر وین نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 کی شناخت 25 سالہ امتیاز علی، 10 سالہ حبدار علی اور 8 سالہ علی کے نام سے ہوئی۔اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے حادثے کی جگہ پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا۔ موٹر سائیکل سوار سکول کے طلبا تھے۔ واقعے کا کیس ابھی تک درج نہیں ہو سکا۔سپر ہائی وے دادا بھائی چڑھائی کے قریب کراچی سے سکھر جانیوالی مسافروں سے بھری ہائی ایس وین تیز رفتاری کے باعث ایک گاڑی سے ٹکراکر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں مسافر بچی سمیت 2افرادجاں بحق جبکہ دس زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جامشورو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت6سالہ عالیہ دختر عزیز اور35 سالہ آ صف ولد علی گل کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ اورنگی ٹائون کی رہائشی فیملی سکھر جارہی تھی۔