کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے زیر انتظام ہونے والے لیکچررز کے ٹیسٹ کے ANSWER KEYمیں ردوبدل کیئے جانے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے فاش غلطیاں دانستہ طور پر کی گئی ہیں تاکہ نتائج کو تبدیل کیا جاسکے اور اقرباء پروری کرتے ہوئے من پسند افراد کی ملازمتیں دی جاسکیں ۔ماضی میں بھی سندھ پبلک سروس کمیشن اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر کے عوام اور شہری سندھ کے نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے میرٹ کا قتل عام کرتا رہا ہے رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ ، گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کی مجرمانہ غفلت کا نو ٹس لیا جائے اور اس واقع سمیت تمام واقعات کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح کمیشن تشکیل دیا جائے جو ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے لئے سزائیں تجویز کرسکے۔ رابطہ کمیٹی نے سندھ کے نوجوانوں پر زور دیا کے اخبارات میں مشتہیر ہونے والی آسامیوں پر درخواستیں جمع کراتے رہیں اور کسی بھی قسم کی نا انصافیاں روکنے کے لئے ایم کیو ایم پاکستان ہر فورم پر آواز اٹھائیگی۔