اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ جنرل رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے+نیوز رپورٹر+ نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہم اس وقت کرونا وائرس کی تیسری لہر کا مقابلہ کر رہے ہیں اور موجودہ لہر پہلے سے کہیں زیادہ خطرناک ہے۔ مثبت کیسز کا تناسب 14 فیصد ہو چکا جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان میں زیادہ مثبت کیس ہیں۔ لاہور میں شرح 21 فیصد رہی جو انتہائی تشویشناک ہے۔ ہسپتال تیزی سے بھر رہے ہیں اور ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہو رہا ہے۔ ہم صنعتیں اور کاروبار بند کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ بندشوں کے حق میں نہیں۔ وہ آج کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کے اجلاس کے فیصلوں اور موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے بعض شہروں میں اس وقت کرونا کی صورتحال تشویشناک ہے، پنجاب میں پازیٹوکیسوں کی تعداد 215227ہوچکی جبکہ 2309پازیٹو کیس سامنے آئے، اب تک 6244 مریض انتقال کرچکے ہیں، مزید 39 مریضوں کا انتقال ہوا۔ پنجاب حکومت معاشی سرگرمیوں پر کسی قسم کی پابندیاں نہیں لگا رہی اور انڈسٹریز، گڈز ٹرانسپورٹ اور کنسٹرکشن انڈسٹریزمعمول کے مطابق ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے اپنا کام جاری رکھیں گی، یکم اپریل سے وہ اضلاع جہاں کرونا کی شرح 12 فیصد سے زائد ہے وہاں موثر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ لاک ڈاؤن 11اپریل تک جاری رہے گا، کابینہ کمیٹی اس کا 7 روز بعد ازسرنو جائزہ لے گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ یکم اپریل سے شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔ میرج ہال مکمل طور پر بند، ان ڈور اور آؤٹ ڈور کسی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ، میٹروبس سروس، اورنج میٹروٹرین اور سپیڈو بس سروس شامل ہیں، تمام ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھانے کی پابندی ہوگی تاہم ساتھ لیجانے اور ہوم ڈلیوری سروس جاری رہے گی۔ سپورٹس، کلچرل، سوشل اور دیگر تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی اور پارکس بند رکھے جائیں گے، مارکیٹوں اور بازاروں کو شام 6بجے بند کرنے کا فیصلہ، ہفتے میں 2 دن دکانیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے، ماسک پہننے سے آپ نہ صرف خود بچ سکتے ہیں بلکہ اپنے گھر والوں کو بھی کرونا سے محفوظ رکھ سکتے ہیں ، اب تک 456000ویکسین ڈوزز آچکی ہیں، 54885 ہیلتھ کیئر ورکرز کو دوسری ڈوز بھی مل چکی ہے، ایس او پیز کی جہاں خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کوشش کریں گے کہ لوگوں کو کم سے کم تکلیف ہو۔ صوبے کے تعلیمی ادارے بھی 11اپریل تک بند رہیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی اس لئے لگائی ہے کہ لوگ گھروں سے کم نکلیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن پرائیویٹ ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے ساتھ چلتی رہے گی۔ علاوہ ازیں لاہور پولیس نے صوبائی دارالحکومت میں کرونا وباء کی تیسری لہر میں شدت کے پیش نظر بغیر ماسک گھومنے پھرنے اور کاروباری اوقات کار سمیت حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف تھانوں میں قانون شکن عناصر کے خلاف 229 مقدمات درج کر لئے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 124 جبکہ ماسک نہ پہننے پر 105مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ سٹی ڈویژن میں ماسک پابندی نہ کرنے کی پاداش میں 33 جبکہ دیگر 68 مقدمات درج کئے۔ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 24 جبکہ ماسک نہ پہننے پر 10مقدمات، سول لائنز ڈویژن میں 39 جبکہ ماسک کی خلاف ورزی پر 13 مقدمات، ماڈل ٹاؤن میں ماسک پر 21 مقدمات، کینٹ ڈویژن میں ایس او پیز پر 26 جبکہ ماسک پر 2 مقدمات جبکہ صدر ڈویژن میں ماسک اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4 مقدمات‘ سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔ حکومتی اقدامات شہریوں کی زندگی اور صحت کی حفاظت کے لئے انتہائی ناگزیر ہیں۔ اموات کے لحاظ سے خیبر پی کے کے بعد پنجاب دوسرے نمبر پر ہے۔ اسلام آباد میں کرونا تشویشناک صورتحال اختیار کرنے لگا۔ پمز ہسپتال میں کرونا سے متاثر نومولود کو داخل کیا گیا ہے۔ پمز ہسپتال کے فوکل پرسن برائے کرونا ڈاکٹر عائشہ کے مطابق پمز میں کرونا سے متاثر 7 دن کا بچہ آکسیجن پر ہے۔ ماں سے کرونا ہوا جبکہ ماں کی حالت بہتر ہے اور وہ ہسپتال میں داخل نہیں۔ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن گوجرانوالہ شہر بھر میں چھاپے، مقررہ وقت کے بعد کھلی دکانیں اور مارکیٹیں بند کرادیں۔ ٹائم فریم پر عمل درآمد نہ کرنے والے دکانداروں کو جرمانے، بیس سے زائد دکانیں سیل، پانچ افراد گرفتار، 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ منڈی بہاؤ الدین میں ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ڈی پی او علی رضا کا شہر کا دورہ‘ 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔ موٹر سائیکل اور پیدل چلنے والے افراد میں ماسک تقسیم کئے جبکہ خلاف ورزی پر 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔ حافظ آباد گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج خواتین کو کرونا کیسز کے باعث گیارہ اپریل تک بند کر دیا گیا۔ پرنسپل کے مطابق کالج ہذا کے چار سٹاف ممبران اور دوطالبات میں کرونا کی تصدیق ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر کے حکم پر کالج کو گیارہ اپریل تک بند کر دیا گیا ہے۔ راہوالی کا پہلا مریض چند روز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد وفات پا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب صولت حیات وٹو کی کارروائی ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر نو دکانوں کو سیل کر دیا۔ نوشہرہ ورکاں میں بھی دو ہفتوں میں 29 افراد کے ٹیسٹ پازیٹو ۔ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر پانچ دکانیں سیل دس سے زائد دکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانے کئے جبکہ ماسک استعمال نہ کرنے والے متعدد راہگیروں کو پکڑ کر تھانہ میں بند کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل فیروز والہ چودھری مظہر علی سرور نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 25 دکانیں سیل کر دیں اور متعدد افراد کو ماسک نہ پہننے پر جرمانے کئے ۔ پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں او پی ڈی سروسز کو بند کر دیا گیا خیبر پی کے اسمبلی میں بھی داخلوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی گئی حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں 136 پر مریض داخل صرف 18 بیڈز کی گنجائش باقی رہ گئی۔ دکانداروں کو جرمانے 20 سے زائد دکانیں سیل پانچ افراد گرفتار 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔گوجرانوالہ ڈویژن میںگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا کے 190 مریضوں میں اضافہ، تعداد2601 ہو گئی۔ کرونا سے گزشتہ روز دو مریض جاں بحق، شہر میں ماسک نہ پہننے پر پہلا جرمانہ کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ میں بغیر ماسک پہننے گھومنے والے عاطف چٹھہ نامی شہری کو تین ہزار روپے جرمانہ کر دیا ہے۔ سی پی او سرفراز احمد فلکی میں کرونا وائرس کا شعبہ ڈی آئی جی نے خود کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کے پرائیوٹ روم میں قرنطینہ کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ کی ہدایت پر کرونا کی تیسری لہر سے بچنے کے لئے ضلع بھر میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری۔ ضلع گوجرانوالہ میں کرونا ایس او پیز اور حفاظتی ماسک کا استعمال یقینی بنانے کے لیے جرمانوں اور مقدمات کے اندراج کا سلسلہ شروع۔ ضلع بھر میں 200سے زائد کارروائیاں کرتے ہوئے 5لاکھ 35ہزار روپے سے زائد جرمانے، 56 دکانیں سیل،20 سے زائد مقدمات اور 10سے زائد افراد کو حوالہ پولیس کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (وزیر آباد) شاہد عباس جوتہ نے تحصیلدار وزیر آباد اکرم گجر کے ہمراہ تحصیل وزیر آباد میں کرونا ایس او پیز کے سلسلہ میں بازاروں اور دکانوں پر 40 انسپکشنز کیں جس کے نتیجے میں خلاف ورزی کرنے والوں کو 2لاکھ 75ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے۔10دکانوں کو موقع پر سیل کرتے ہوئے 6افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات کا اندراج کروایا اور 5 افراد کو موقع پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (صدر) ساریہ حیدر نے شادی ہالوں اور مارکیوں میں کرونا ایس او پیز اور مقررہ وقت کی پابندی نہ کرنے والے 2 میرج ہالوں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات کا اندراج کروایا۔سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تمام صوبوں کو خط لکھ دیا۔ اسد عمر نے خط میں کہا ہے کہ کرونا کی موجودہ لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ملک میں مثبت کیسز کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ ہدایات پر ہر صورت عملدرآمدیقینی بنائیں۔ ٹویٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کرونا ویکسین کی خریداری کا عمل جا ری رہے گا، اور اگر کوئی صوبائی حکومت خود سے ویکسین کی خریداری کرنا چاہتی ہے تو حکومت اس کی معاونت کرے گی۔ راولپنڈی ضلع میں کرونا وائرس سے دو خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں جبکہ پیر کے روز کرونا وائرس کے 106 پازیٹو کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کے پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم اختر عباسی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص صفدر سکندری نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف دکانداروں کو ایک لاکھ 23 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ دو دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے ضلع بھر میں18 مساجد اور مدارس کامعا ئنہ کیا، انٹر و انٹرا سٹی ٹرانسوپرٹ میں 41چھاپے مارے گئے اور60000 روپے جرمانہ کیا گیا،66پبلک مقامات و پارک کا معائنہ کرتے ہوئے 2900 روپے کا جرمانہ اور14ریلوے و بس سٹیشن کے معائنہ کے دوران 12000 روپے کا جرمانہ کیا گیا۔ شاپنگ مالز، مارکیٹس اور پلازوں میں سے 134کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 71 کو خلاف ورزی کا مرتکب پا تے ہوئے سیل جبکہ99500روپے کا جرمانہ اور 21میرج ہالز اور 123 ریسٹورنٹس کی چیکنگ کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مر تکب15 ریسٹورنٹس سیل کردئیے گئے اور124500 روپے کا جرمانہ جبکہ ایک میرج ہال سیل اور 40000روپے کا جرمانہ کیا گیا۔ صدر تھانہ کینٹ کی حدود میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے راحت کیفے، کے ایف سی، جہا نگیر بار بی کیو، پرانا شنواری، رائل ویلج شنورای اور کرش گارمنٹس صدر کو خلاف ورزی کا مرتکب پاتے ہو ئے سیل کر دیا۔ اسکے علاوہ بریڈ اینڈ بٹر صدر کو 20000 روپے کا جرمانہ، تہذیب بیکرز صدر کو20000 روپے، منچیز صدر کو 10000 روپے، بوم بوم ہاٹ اینڈ سپائسی کو 10000 روپے، ہاٹ اینڈ سپائسی کو 10000روپے، ہاٹ گرل کو 10000 روپے، شنواری ان فوڈسٹریٹ صدر کو 10000 روپے، کارنر جوس فوڈ سٹریٹ صدر کو 5000 روپے، کنٹکی صدر5000 روپے، کرش گارمنٹس5000 روپے، الطاف شنواری 10000 روپے، رائل ویلج شنواری 10000 روپے، جہانگیر بار بی کیو10000 روپے اور راحت کیفے صدر 10000روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔