لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں شب برات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ شب برات کی مناسبت سے مساجد اورگھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا تاہم کرونا وائرس کی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے سلسلہ میں محکمہ اوقاف کی مساجد، درباروں اور بعض بڑی مساجد میں میلاد و ذکر و نعت کی محافل منعقد نہیں کی گئیں۔ رات بھر مسلمانوں نے اللہ تعالیٰ کے حضورکرونا وائرس کی آزمائش سے نکالنے سمیت اپنے گناہوں کی معافی طلب کی۔ شب برات کی مناسبت سے نذر ونیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ درمیانی شب بڑی تعداد میں لوگوں نے قبرستانوں کا رخ کیا۔ اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس حوالے سے قبرستانوں میں صفائی ستھرائی اور چراغاں کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ یاد رہے کہ قدیمی بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، مسجد وزیرخان سمیت کسی بڑی مسجد میں کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے باعث شب برات کے موقع پر اجتماعات نہیں ہوئے۔ تاہم گلی محلوں کی مساجد اورگھروں میں شب برات پر بھرپور طریقے سے عبادت اور نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا۔