لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف اور خواجہ آصف کی ضمانت کی درخواستوں پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔ جبکہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں کیپٹن (ر) صفدر کی عبوری ضمانت میں 15اپریل تک توسیع کر دی۔ درخواست میں چیئرمین اور ڈی جی نیب کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ نیب نے بدنیتی سے شہباز شریف کو گرفتار کر کے آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا۔ عدالت نے چیئرمین اور ڈی جی نیب سمیت دیگر فریقین کو 13اپریل کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کو تفصیلی جواب اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کی عبوری ضمانت میں 15اپریل تک توسیع کر دی اور نیب کو جواب جمع کروانے کی آخری مہلت دے دی۔دوسری جانب مقامی عدالت نے کیپٹن ر صفدر سمیت 14 ملزموں کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے تمام ملزموں کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی ہے۔