لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) لاہورہائیکورٹ نے کورونا ائرس کے پھیلاوکا نوٹس لے لیا۔ سیشن ججوں، ماتحت عدلیہ کے افسروں اور ملازمین کو کورونا ویکسین لگوانے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا، پنجاب کی ماتحت عدلیہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، این سی او سی کی ہدایات پر فوری عمل کرنے کی ضرورت ہے، مقدمات کے چالان آنے کا انتظار کرنے والے حراستی ملزموں کی حاضری جیل میں لگائی جائے۔ماتحت عدلیہ کے محض ضروری عملے کو ہی ڈیوٹی پر بلایا جائے، عدالتی عملہ ماسک پہننے کو یقینی بنائے، عدالتوں کے باہر سینیٹائزرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے، ماتحت عدالتوں میں فوری نوعیت کے کیسز کی سماعت کو ترجیح دی جائے۔قبل از اور بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں کی سماعت ترجیجی بنیادوں پر کی جائے، حبس بے جا، اندراج مقدمہ، نظر ثانی اور متفرق درخواستوں کی سماعت کو بھی ترجیح دی جائے، آخری مراحل میں داخل کیسز اور 2017ءسے پہلے دائر پرانے کیسز بھی ترجیحات میں شامل کئے جائیں جبکہ سول عدالتوں میں بھی اہم اور فوری نوعیت کے کیسز کی سماعت کو ترجیح دی جائے۔