ایل سی بی ڈی ڈی اے کو  750فٹ کی تعمیراتی اونچائی کی منظوری مل گئی 

لاہور(بزنس رپورٹر) لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل سی بی ڈی ڈی اے) نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے لاہور پرائم کیلئے 750 فٹ اونچائی کی منظوری حاصل کرلی ہے۔لاہور پرائم بارہ مخلوط کمرشل پلاٹوں پر مشتمل ہے ان بارہ پلاٹوں میں سے پانچ پلاٹ ستمبر 2021ء میں 500 فٹ اونچائی کی منظوری کیساتھ نیلام کیے گئے تھے۔ایل سی بی ڈی ڈی اے کے سی ای او عمران امین نے توقع ظاہر کی کہ تاجر برادری اضافی اونچائی کے تمام فوائد سے فائدہ اٹھائے گی۔ جن میں تجارتی مقصد کیلئے زیادہ قابل فروخت علاقہ، تعمیراتی ترقی اور ہیلی پیڈ کی فراہمی شامل ہیں۔پنجاب، کے پی کے اور فاٹا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ سی اے اے نے 750 فٹ اونچائی کی منظوری دی ہے۔ اس سے پہلے کراچی میں ایک رئیل سٹیٹ ڈویلپر کو 900 فٹ اونچائی کی اجازت دی گئی تھی لیکن وہ صرف 650 فٹ تک ہی حاصل کر پائے تھے۔ 750 فٹ اونچائی لاہور کی سکائی لائن کو مکمل طور پر بدل دے گی۔

ای پیپر دی نیشن