بھارت میں مزدوروں کے حقوق، بہتر تنخواہ کے لیے 2روزہ ملک گیر ہڑتال

Mar 30, 2022

نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اپنے غصے کا اظہار کرنے، صنعتی مزدوروں، ملازمین اور کسانوں کے حقوق کی حمایت میں لاکھوں مزدوروں نے دو روزہ ملک گیر ہڑتال شروع کردی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت کی درجن بھر مزدور یونینوں نے ملک گیر ہڑتال کا اہتمام کیا ، مظاہرین ن مطالبہ کیا کہ حکومت غیر منظم شعبوں میں کارکنوں کو عالمی سماجی تحفظ فراہم کرے، اپنے فلیگ شپ ایمپلائمنٹ گارنٹی پروگرام کے تحت کم از کم اجرت میں اضافہ کرے اور سرکاری بینکوں کی نجکاری کے عمل کو روکے۔ہڑتال کرنے والے مزدور حکومت سے ریاستی اثاثوں کی نجکاری کے منصوبوں کو ترک کرنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونینوں میں سے ایک آل انڈین ٹریڈ یونین کانگریس کا کہنا تھا کہ انہیں ہڑتال میں 20 کروڑ سے زیادہ مزدوروں کے شامل ہونے کی توقع ہے۔احتجاج کرنے والی تنظیموں کی جانب سے نئی دہلی، ممبئی، کولکتہ اور دیگر بڑے شہروں میں مظاہروں کا منصوبہ بنایا گیا ۔

مزیدخبریں