کابل(این این آئی) جرمنی کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے پر بھی افغانستان میں طالبان کی حکومت نے پابندی لگا دی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن نشریاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل پیٹر لمبورگ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاکہ افغانستان میں آزادی صحافت اور اظہار رائے پر بڑھتی ہوئی پابندیاں بہت پریشان کن ہیں۔ پیٹر لمبورگ کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے مواد کے نشر کیے جانے کو مجرمانہ ٹھہرانا افغانستان میں ترقی کے مواقع کو روکنے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ آزاد میڈیا ترقی کے لیے ضروری ہے۔ ہم ہر وہ کام کریں گے، جس کے ذریعے ہم افغان عوام تک انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے غیر جانبدارانہ معلومات پہنچاتے رہیں۔ادھر طالبان حکومت کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی نے طالبان انتظامیہ کے اس اقدام کو درست قرار دیا ۔ سمنگانی کے مطابق انٹرنیشنل میڈیا کی جانب سے، خاص طور پر ٹی وی پر نشر کردہ مواد پر طالبان کا کوئی کنٹرول نہیں کہ کس رپورٹر نے کیسا لباس پہنا رکھا ہے۔