کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام جاری بلدیہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی لیگ سیزن ٹو کے چوتھے روز یوتھ ہاکی کلب نے ایونٹ کی مضبوط ٹیم پاکستان ایچ سی کو 2-4 سے ہرایا، فاتح ٹیم کے شاہ زیب ارباب نے اڑتالیسویں اور پچپن ویں منٹ جبکہ حسن علی اور سعاد ظہیر نے تیسرے اور اکتیسویں منٹ میں گول کئے، پاکستان ایچ سی کے محمد حنان نے 39 ویں اور محمد عمر نے 52 ویں منٹ میں گول کرکے برتری کم کرنے کی کوشش کی۔ فاتح ٹیم کے علی عباس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔دوسرے میچ میں ربانی ہاکی کلب نے بلدیہ ایچ سی کو 1-4 سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، فاتح کلب کے راجہ مرتضی نے 2،گول کیئے ۔ مہمان خاص مصطفی جمیل نے ماجد رفیق کے ہمراہ مین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا۔