کراچی (نیوز رپورٹر)محکمہ اسکول ایجوکیشن کے افسران کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ہزاروں اساتذہ کاٹائم اسکیل اور ٹیچنگ الائونس التواء کا شکار ہے۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آفس کراچی نے ٹائم اسکیل اور ٹیچنگ الائونس کی ہزاروں درخواستیں ردی کی ٹوکری میں پھینک دی گئیں دوسری جانب محکمہ اسکول ایجوکیشن کی غفلت کے سبب محکمہ فنانس نے بجٹ بک سے سرکاری اسکولوں سے سیکڑوں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی اسامیاں بھی ختم کر دیں جس کے باعث کراچی سمیت صوبے بھر کے سرکاری اسکولوںکواساتذہ اور عملے کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں اگلے گریڈ کی پوسٹیں خالی نہ ہونے کے باعث اساتذہ کی ترقیاں التواء کا شکار ہے ،محکمہ اسکول ایجوکیشن ترقی کیلئے خالی پوسٹیں نہ ہونے پر اساتذہ کو ٹائم اسکیل اور ٹیچنگ الاونس جاری کرنے کی اجازت دیدیتا ہے تاکہ ملازمین کی حق تلفی نہ ہو مگر ڈائریکٹوریٹ ایلیمنٹری، سکینڈری اور ہائر سکینڈری آ فس کریم آباد میں ڈائریکٹرکے آفس میں کئی سالوں سے ٹائم اسکیل اور ٹیچنگ الائونس کی ہزاروں درخواستوں پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے۔ متاثرہ اساتذہ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آفس میں افسران اساتذہ کے کاموں پر توجہ نہیں دیتے اور کئی سالوں سے دفتر کے چکر لگوارہے ہیں۔دوسری جانب زرائع نے بتایا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی غفلت کے باعث محکمہ فنانس نے بجٹ بک سے کئی سکینڈری اسکولوں میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسامیاں ختم کردی ہیں جس کی وجہ سے اساتذہ اور عملے کی تعیناتی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق کئی اسکولوں میں ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی کردی تو جاتی ہے مگر اسکولوں کی ایس این ای کو نظر انداز کردیا جاتا ہے بعض اسکولوں میں کم گریڈ کے ہیڈ ماسٹر بھی تعینات کردئیے گئے۔
ہزاروں اسکول اساتذہ ٹائم اسکیل اور ٹیچنگ الائونس سے محروم
Mar 30, 2022