تل ابیب(این این آئی)امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے اسرائیل کی میزبانی میں منعقدہ اجلاس میں مشرقِ اوسط میں اتحادیوں کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کیاہے اورامید ظاہر کی ہے کہ وہ ایران سے مجوزہ جوہری معاہدے اورخطے کی سلامتی کے ضمن میں واشنگٹن کے عزم کے بارے میں ان کی غلط فہمیوں کا ازالہ کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دوروزہ اجلاس میں یوکرین میں جنگ پرامریکا اور روس میں کشیدگی، اسرائیل میں داعش سے وابستہ حملے اور صحت سے متعلق تشویش ایسے موضوعات چھائے رہے ہیں کیونکہ اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کوانٹونی بلینکن سے ملاقات کے بعد کووِڈ19کی تشخیص ہوئی تھی۔متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے سدی بکر میں منعقدہ اس اجلاس میں شرکت کی جہاں اسرائیل کے بانی وزیراعظم ڈیوڈ بن گورین دفن ہیں۔ان کے علاوہ مصر کے وزیرخارجہ سامح شکری بھی اجلاس میں شریک ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ مصر1979 میں اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کرنے والا پہلا عرب ملک تھا۔اسرائیل کی وزارتِ خارجہ کے ایک عہدہ دار گل ہاسکل نے ایران کے سخت گیرحکمرانوں کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ خطے کے اعتدال پسند بات چیت اورانتہا پسندوں کے خلاف محاذ بنانے پر زوردے رہے ہیں۔
امریکہ اورمشرقِ اوسطی کے اتحادیوں کی اسرائیل میں ملاقات ، اتحاد کا مظاہرہ
Mar 30, 2022