بزدار کیخلاف تحریک چودھری برادران کے کہنے پر جمع کرائی: رانا ثناء 

 اسلام آباد (خبر نگار) رانا ثناء  اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق کے تین ووٹ ہمارے ساتھ ہیں اور عثمان بزدار کیخلاف تحریک عدم اعتماد چودھری بردران کے کہنے پر جمع کرائی تھی۔ وہ پچھلے دو سال سے ناراض ہیں، یہ خبر غلط ہے کہ منحرف ارکان کو نوٹوں کی بوریاں دی گئی ہیں، ہم نے منحرف ارکان کے بغیر نمبرز پورے کیے ہیں، متحدہ اپوزیشن نے ان کے علاوہ بھی 172 ووٹ پورے کرلیے ہیں، انہیں ساتھ ملائیں تو گنتی 191 سے اوپر چلی جاتی ہے۔ اپوزیشن کو پی ٹی آئی کے ناراض لوگوں کی شاید ضرورت ہی نہ پڑے، اپوزیشن کے 161 ووٹ ہیں، جام کریم، علی وزیر اور اسلم بھوتانی کا ایک ایک ووٹ ملالیں، طارق بشیر سمیت مسلم لیگ ق کے تین ووٹ ہمارے ساتھ ہیں، بی اے پی کے 4 ووٹ بھی ہمارے ساتھ ہیں، اس طرح ہمارے پاس 172 ووٹ پورے ہوگئے۔ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان میں بھی 5 ایسے ہیں جو آزاد لڑ کر آئے ہیں، ان کے بارے میں عمران خان نہیں کہہ سکتا کہ وہ میرے ووٹ پر ایوان میں آئے ہیں، منحرف ارکان میں ایسے ہیں جو کہتے ہیں 1 یا 2 ووٹ کی ضرورت پڑی تو ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ آخری دو ملاقاتیں اہم تھیں جس پر ق لیگ کا ووٹ ہمیں ملے گا، مونس الٰہی آخری ملاقات میں موجود تھے، ان سے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے مطالبے سے نیچے آجائیں، مونس نے کہا کہ آپ وزرات اعلیٰ دیں ورنہ ہم خاموش ہیں، پھر ہم نے قیادت سے بات چیت کے بعد انہیں ایک پیش کش کی جسے ق لیگ نے تسلیم کرلیا۔ چوہدری صاحب نے ہم سے کہا کہ اس بات کا پتہ چلتے ہی حکومت اسمبلی توڑ دے گی لہذا آپ صبح ہی عثمان بزدار کیخلاف عدم اعتماد جمع کرا دیں، ان کے کہنے پر ہی پنجاب میں عدم اعتماد جمع کرائی گئی، لیکن بعد میں پتہ چلا کہ ق لیگ حکومت سے مل گئی، چوہدری صاحبان کی سیاست میں یہ پہلا واقعہ ہے جو مونس الٰہی کی وجہ سے ہوا ہے، ورنہ چوہدریوں نے کبھی ایسے فیصلے نہیں کیے، لیکن میں واضح کردوں کہ چوہدری پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی وزیر اعلیٰ نہیں بنا سکتی کیونکہ پی ٹی آئی کے پاس اب پنجاب میں ووٹ نہیں رہا، وہاں علیم خان گروپ ہے، اس کے پاس 30 سے 40 لوگ ہیں، جو عمران خان کے امیدوار کے خلاف ووٹ دیں گے۔ پنجاب میں ترین گروپ کے بھی 10 سے 12 ووٹ ہیں، چھینہ گروپ کے 10 سے 12 ووٹ ہیں، اب نیا گروپ آیا ہے بزدار گروپ جس کے حمایتی شکوہ کر رہے ہیں، پرویز الٰہی کسی قیمت پر پی ٹی آئی کی حمایت سے وزیر اعلیٰ  نہیں بن سکتے‘ خود فواد چوہدری نے ہمیں ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، ایسا نہیں تو وہ اپنے بھائی سے تردید کروا دیں، شاہ محمود قریشی کے گھر سے بھی ووٹ کی ضرورت پڑی تو ہمیں ملے گا، پرویز خٹک کے بھائی جے یو آئی ف میں شامل ہو چکے ہیں، اسد عمر آج تک اپنے بھائی زبیر عمر کو قائل کر نہیں سکے، یہ تو حکومت کی مذاکراتی ٹیم کا حال ہے، عمران خان میں کوئی سمجھ ہے تو استعفی دیں، ان کے پاس ایک ہی باعزت راستہ ہے کہ استعفی دیں۔
رانا ثناء 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...