عدم اعتماد پر ووٹنگ 3اپریل کو متحدہ کا کردار فیصلہ کن ہوگا شیخ رشید

Mar 30, 2022

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میری تین خواہشیں ہیں۔ لئی ایکسپریس وے بن جائے۔ اتحادی ساتھ دیں اور شفاف انتخابات ہو جائیں۔ وزیراعظم عمران خان کو میں نے تجویز دی ہے بجٹ پاس کرائیں اور الیکشن کا اعلان کر دیں۔ اور ایم کیو ایم کا فیصلہ بڑا فیصلہ کن ثابت ہو گا۔ عدم اعتماد کی تحریک پر ورکنگ اور  حتمی فیصلہ تین اپریل کو ہوگا۔ میری دعا ہے کہ اپوزیشن اپنے 172 ارکان پورے نہ کرسکے۔ بیرونی دنیا کا مال کھانے والوں کو عوام نہیں چھوڑیں گے۔ ہم سب وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے۔ ہم نے چار دہشت گرد گرفتار کئے ہیں جن کے پاس خودکش حملہ آور بھی تھے۔ دہشت گردوں کے خوفناک عزائم تھے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کل مسلم لیگ ق نے اچھا قدم اٹھایا ہے۔ ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔ قوم عمران خان کا ساتھ دے۔ راولپنڈی والے پاکستان کے ساتھ ہیں اور معاملات کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے غیر جانبدار رول ادا کیا تو اچھا کیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ان خیالات کا اظہار منگل کو میڈیا سینٹر وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے  بہت کرم کیا ہے دھرنے، جلسے جلوس اور او آئی سی کانفرنس سمیت تمام معاملات امن و امان سے ہوگئے۔ سرینگر ہائی وے پر جلسہ فضل الرحمان کا تھا باقی تو وہاں صرف مہمان بن کر آئے تھے۔ اتحادیوں کے بارے میں پہلے ہی کہا تھا وہ ہمارے ساتھ آئیں گے۔ میری خواہش ہے ایم کیو ایم عمران خان کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف بین الاقوامی سازش ہوئی ہے۔ اس وقت ہماری دو  وکٹیں ہیں لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہم بلیک میل کریں۔ لولی لنگڑی،  مہنگائی کی ماری عوام بجلی، گیس بل بڑھتے بل سے تنگ ہیں لیکن اللہ نے کرم کردیا کہ اس سب کے باوجود عمران خان اوپر آگیا۔ میری خواہش ہے عمران خان بجٹ پیش کرے اور پھر الیکشن کا اعلان کر دیں۔
شیخ رشید

مزیدخبریں