اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کے امن مشن کا پوما ہیلی کاپٹر کانگو میں گر کر تباہ ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی افسران سمیت 8 شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے ایوی ایشن یونٹ کو یو این مشن کانگو میں حادثہ پیش آیا۔ مشن کا پوما ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں پاکستانی افسران سمیت 8 اہلکار شہید ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل آصف، میجر سعد، معاون پائلٹ میجر فیضان علی، نائب صوبیدار سمیع اللہ خان، حوالدار محمد اسماعیل، کریو چیف محمد جمیل شامل ہیں۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان یو این مشن میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کررہا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے امن دستوں نے ہمیشہ چیلنجنگ کے ٹاسک انجام دئیے۔ پاکستانی اہلکاروں نے لگن کے ساتھ کام کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے کانگو امن مشن میں تعینات افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں شہداء کی خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کانگو میں ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں پاک فوج کے افسران و جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اقوام متحدہ کے کانگو امن مشن میں تعینات افواج پاکستان کے6 افسران اور جوانوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
6 پاکستانی جوان شہید
کانگو یواین امن مشن کا ہیلی کاپٹر تباہ پاک فوج کے 3افسر 3اہلکار شہید
Mar 30, 2022