اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان کو یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے ٹیلی فون کیا ہے جس میں یوکرین کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر افسوس کا اظہار کیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوکرینی صدر سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تشدد کے فوری خاتمے اور مذاکرات کے ذریعے تنازعے کے حل کا حامی ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تنازعات کے ترقی پذیر ملکوں پر منفی معاشی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے یوکرینی شہریوں کو ریلیف کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے یوکرین کے عوام کی امداد کیلئے 2 سی 130 طیارے بھجوائے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان جیسے غیر جانبدار ممالک تنازع کے حل کی کوششوں میں کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ وزیر اعظم نے پاکستانی طلبہ، سفارتی عملے کے انخلا میں مدد پر یوکرینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
عمران، یوکرائن
یوکرائنی صدر کا فون‘ پاکستان مذاکرات کے ذریعے تنازعہ حل کرنے کا حامی: عمران
Mar 30, 2022