کراچی سے ایم کیو ایم لندن کا اہم رکن گرفتار، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ برآمد

کراچی (نیوز رپورٹر)کراچی میں ملیر سٹی پولیس اور رینجرز نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ایم کیو ایم لندن کے اہم رکن معراج علی شیخ و گرفتار کر کے  اس کے  زیرِ استعمال گاڑی سے 03 آوان بم، 01 دستی بم، 03 کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد، 01 ڈیڑونیٹر، پرائما کورڈ، 02 میٹر وائر، 01 ہیوی ڈیوٹی بیٹری، 30 بور پستول، ایک لاکھ سے زائد کیش رقم اور موبائل فون برامد کر کے تحویل میں لے لیا ۔ ترجمان ضلع ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران انٹیروگیشن 1988 میں متحدہ لندن میں بطور کارکن شمولیت اختیار کرنے کا اعتراف کیا، گرفتار ملزم نے 2008 میں کنسٹرکشن کمپنی ایم اے انٹرپرائزز کے نام سے پاکستان انجینیرنگ کونسل میں رجسٹر کروائی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم وفاقی اور صوبائی گورنمنٹ سے اسکول / کالجز اور دیگر سرکاری عمارتوں کی کنسٹرکشن کی تعمیر کا ٹھیکہ لیتا رہا، ملزم نے ٹھیکے پر لئے گئے کام کی بڑی رقم متحدہ لندن کے فنڈز میں جمع کروانے کا اعتراف کیا۔ ترجمان پولیس نے کہا کہ 2014 میں متحدہ لندن کے انڈین نیٹ ورک کے ٹارگٹ کلنگ ٹیم کے لیڈر سید محمد احمد عرف علیم نورا کیجانب سے فراہم کردہ جدید نوعیت کا اسلحہ زیر تعمیر سرکاری کالج میں زیر زمین چھپانے کا بھی انکشاف کیا۔ ترجمان ضلع ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں گرفتار ملزم نے تفتیش کے دوران دہلی کالج کریم آباد کی عمارت کے زیر زمین چھپائے گئے اسلحے کی نشاندہی کر کے ریکور کروایا، گرفتار ملزم اپنی سرکاری ٹھیکیدار کی حیثیت کو متحدہ لندن کے مطلوب ملزمان کی نقل و حرکت کے لئے استعمال کرتا رہا۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے متحدہ لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن اشرف نور کی روپوشی، شہر میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی، رہائش، طعام اور دیگر معاملات میں سہولتکاری کا بھی انکشاف کیا۔ ترجمان ضلع ملیر پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے، ملزم کی نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری، مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ایم کیو ایم لندن رکن گرفتار

ای پیپر دی نیشن