کاہنہ(نامہ نگار)تھانہ نشترکالونی پولیس نے کاچھا سبزی منڈی میں ریڑھیوں،اڈوں اور دکانداروں سے بھتہ، جگاٹیکس لینے پربھتہ مافیا کیخلاف کارروائی کرکے 3 بھتہ خورگر فتار کرلئے۔ سابقہ چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کوٹ لکھپت اورکاچھا سبزی منڈی فیاض بھٹی نے3 ماہ قبل تھانہ نشتر کالونی میں بھتہ اورجگا ٹیکس مافیا کیخلاف مقدمہ درج کرنے اورکارروائی کیلئے درخواست دی تھی مگر بھتہ مافیا نے کارروائی نہ ہونے دی۔ گذشتہ روزایس ایچ اوتھانہ نشتر کالونی انسپکٹر مقصود گجر نے پارکنگ سٹینڈ کے ٹھیکیدارگلفام کے کارندہ طفیل، ناصراورساجد ماچھی کو کاچھامنڈی کے دکانداروں، ریڑھیوں اوراڈوں سے بھتہ جگاٹیکس لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاجنکی بدمعاشی اور غنڈہ گردی کے ڈر سے لوگ انکو بھتہ دینے پر مجبور تھے۔ ملزمان غیرقانونی طورپر سالانہ کروڑوں روپے جگاٹیکس اور بھتہ وصول کرتے تھے۔