انتظامی امور میںبہتری کیلئے پارلیمنٹ کو قانون سازی کا اختیار حاصل : وزیراعظم 

Mar 30, 2023


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ آئین پاکستان تمام اداروں کے درمیان توازن کا ضامن ہے۔ پارلیمنٹ کو انتظامی امور میں بہتری کے لیے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی خواتین پارلیمنٹیرینز کے 18 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں خواتین پارلیمنٹیرینز کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا 51 فیصد ہیں ، قانون سازی میں خواتین کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے جبکہ ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کوہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکالنا اہم کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہائی رسک فہرست سے نکلنے سے پاکستان میں کاروبار کو فروغ ملے گا اور افراد اور اداروں کو سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس کامیابی سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے مالی ذرائع کے خلاف پاکستان کے عزم کی عکاسی ہو رہی ہے۔ دوسری جانب رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے ملاقات میں گوادر اور لسبیلہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں اسلم بھوتانی نے وزیراعظم کو اپنے حلقے (گوادر -لسبیلہ) میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے حلقے کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ بلوچستان بالخصوص گوادر کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ گوادر چین پاکستان اقتصادی راہ داری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی جبکہ پنجاب اورکے پی عام انتخابات کا معاملہ، وزیراعظم شہباز شریف نے اٹارنی جنرل منصور عثمان کو طلب کیا۔ ملاقات کے بعد اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے قانونی اموراور مقدمہ پر مشاورت ہوئی ہے۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی۔ اعلامیہ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں خالد مقبول صدیقی اور امین الحق وفاقی وزیر سردار ایاز صادق شامل تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی منظوری پر مبارکباد دی۔ وفدنے وزیراعظم کو مردم شماری پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے تحفظات اور مسائل کے حل کی فوری ہدایات جاری کیں۔

مزیدخبریں