لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مفت آٹا کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کے لئے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف کامرس اور ماڈل بازار میں قائم مفت آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز کا اچانک دورہ کیا۔ محسن نقوی نے سنٹرز پر موجود مرد و خواتین کی شکایات سنیں اور انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے مرد و خواتین کی تعداد کے لحاظ سے سنٹرز پرسہولتوں اور انتظامات میں کمی پر برہمی کا اظہارکیا اور سنٹرز پر رش اور بد نظمی پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے مزید حکم دیا کہ سنٹرز پر شہریوں کی تعداد کے مطابق سہولتیں اور انتظامات بڑھائے جائیں۔ محسن نقوی نے اپنی نگرانی میں خواتین اور مردوں میں آٹا تقسیم کرایا۔ محسن نقوی نے خواتین سے قطار بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سنٹرز پر موجود تمام مرد و خواتین کو آٹا فراہم کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے آٹے کی تقسیم کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور شہریوں سے سنٹرز پر سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ خواتین نے محسن نقوی کو سنٹرز پر آٹا لینے کے حوالے سے مسائل بیان کئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ آٹے کی تقسیم کے لئے قائم سنٹرز پر کچھ ایشوز ہیں جنہیں حل کریں گے اور آٹے کی سپلائی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ سنٹرز پر جن مسائل کی نشاندہی ہوئی انہیں حل کریں گے۔ جن کے پیارے آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ کے باعث جاں بحق ہوئے ان کے لواحقین کو 10،10لاکھ روپے مالی امداد دیں گے۔ سیلاب کی وجہ سے فصلوں اور پھلوں کو نقصان پہنچا، ہم ایران سے پھل منگوا رہے ہیں۔ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ بھر کے مفت آٹا سنٹرز بدھ کو صبح 6 بجے سے کھل گئے اور عوام کو مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔ کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اپنے شہروں میں قائم آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کے دورے کئے اور شہریوں کو آٹے کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزراءاور مشیر کو بھی سنٹرز پر آٹے کی تقسیم کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔
بد نظمی پر ڈی سی تبدیل ، سپلائی بہتر بنارہے ہیں : محسن نقوی
Mar 30, 2023