نئی دلی (اے پی پی):بھارت کے دارلحکومت نئی دلی میں پولیس نے کانگریس پارٹی کے متعدد لیڈروں اور کارکنوں کو پارٹی قائد راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت سے نااہلی کے خلاف احتجاجی مارچ کرنے کی کوشش پر گرفتار کر لیاہے ۔ کانگریس پارٹی کے لیڈراور کارکن راہل گاندھی سے اظہار یکجہتی کیلئے نئی دلی میں لال قلعہ سے ٹائون ہال تک احتجاجی مارچ کررہے تھے جب پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو لال قلعہ تک پہنچنے سے روک دیا اور آگے نہیں جانے دیا ۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ مودی حکومت بھارت یں"جمہوریت کو قتل"کر رہی ہے۔ تاہم بعض رہنما لال قلعہ تک پہنچے میں کامیاب ہو گئے جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔ کانگریس لیڈروں نے چھوٹی چھوٹی ٹولیوں میں مارچ جاری رکھا اور بعد میں چاندنی چوک پر احتجاجی دھرنا دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم جمہوریت اور راہول گاندھی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دلی کانگریس کے سربراہ انیل چودھری نے کہا کہ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک راہل گاندھی کے سوالات کا جواب نہیں مل جاتا کیونکہ یہ ان کی نہیں بلکہ پورے ملک کی آواز ہے ۔کانگریس قائدین نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور راہول گاندھی کی نااہلی کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کریں گے ۔