بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکی پارلیمنٹ کے سپیکر کیون میکارتھی نے تائیوان کی صدر سے ملاقات کی تو امریکا سے جنگ کریں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے یہ دھمکی اس وقت دی ہے جب تائیوان کی صدر سائی انگ وین اگلے ماہ ممکنہ طور پر وسطی امریکا کے دورے کے دوران نیویارک اور کیلی فورنیا جائیں گی اور وہاں امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر سے ملاقات بھی کریں گی۔ لیکن ابھی تک ان کی امریکی سپیکر سے ملاقات کی باضابطہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔ تاہم چین کے تائیوان امور کے دفتر کے ترجمان ژو فینگلین نے الزام عائد کیا کہ تائیوانی صدر کی وسطی امریکی ممالک کے دورے کے دوران نیویارک اور کیلی فورنیا کی ’’ٹرانزٹ فلائٹ‘‘ صرف ہوائی اڈے یا ہوٹل پر انتظار کے لیے نہیں بلکہ امریکی حکام اور قانون سازوں سے ملاقات کے لیے ہے۔ صدر تسائی امریکی سپیکر میک کارتھی سے ملاقات کرتی ہیں تو یہ ایک اور اشتعال انگیزی ہوگی جو ون چائنا اصول کی سنگین خلاف ورزی ہے اور چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچاتی ہے۔ چین کی دھمکی پر تائیوان کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ وہ صدر تسائی کے بیرون ملک دورے کے دوران کسی بھی چینی اقدام پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور قومی دفاع اور سالمیت کو یقینی بنائیں گے۔