لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عدلیہ تقسیم کا تاثر اور پارلیمنٹ کا غیر موثر ہونا ملک کے لیے تباہ کن ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی میں پورا پاکستان سرکس کا منظر پیش کررہا ہے۔ عوام مہنگائی کی دلدل میں اور آٹے کے ٹرکوں کے پیچھے، قومی ادارے ایک دوسرے کو زیر کرنے میں مصروف ہیں۔ ادارے آئینی حدود میں رہتے ہوئے غیر جانبدار ہو جائیں، سٹیک ہولڈرز شفاف الیکشن کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کا آغاز کریں، جمہور سے فیصلہ لینا ہوگا۔ منصورہ میں ملک بھر سے آئے ہوئے علماء و مشائخ کے اعزاز میں تقریب افطار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کردار ادا کریں، کرپشن، ظلم و نا انصافی کے خلاف منبرو محراب سے آواز بلند کریں اور اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
عدلیہ کی تقسیم، پارلیمنٹ کا غیر مؤثر ہونا ملک کیلئے تباہ کن: سراج الحق
Mar 30, 2023