لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی و صوبائی وزراء اور ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ریاض فتیانہ‘ سردار نصراللہ دریشک‘ غلام بی بی بھروانہ‘ میاں جلیل احمد شرقپوری‘ میاں عمران مسعود اور سابق تحصیل ناظم سجاد حیدر چیمہ شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہباز شریف کی آٹا شعبدہ بازی اب تک متعدد غریبوں کی جان لے چکی ہے۔ آٹے کیلئے جس قدر اموات ہورہی ہیں اور لوگ زخمی ہو رہے ہیں‘ اس پر میرا نگران حکومت کومشورہ ہے کہ رورل ہیلتھ سنٹرز میں آٹا پوائنٹ بنا لئے جائیں تاکہ وہاں کوئی زخمی ہو جائے تو اس کا فوری علاج تو ہو سکے۔ شہباز شریف نے صحت کے شعبے میں کوئی کام کیا نہیں‘ ہم نے رورل ہیلتھ سنٹرز کی سطح پر صحت کی سہولتوں کیلئے اقدامات کئے۔ ہم نے ہسپتالوں میں تمام ٹیسٹ ایکسرے‘ الٹرا سائونڈ اور ادویات فری کی تھیں۔ شہبازشریف اپنے دماغ کا الٹرا سائونڈ بھی وہیں سے کروائیں۔ ایک تو فری ہے دوسرا شاید آٹے کے حصول کیلئے آئی ہوئی غریب عوام کی آواز ان تک پہنچے۔ شہباز شریف کے دماغی الٹراسائونڈ کے بعد ہو سکتا ہے کہ ان کی کسی اچھے کام کی طرف رغبت ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے اختیارات محدود کرنے کیلئے اسمبلی میں کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف عدلیہ اور پارلیمنٹ میں تصادم چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کے بغیر کی گئی قانون سازی کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔