’’سینٹ کی ٹکٹیں غلط تقسیم ہوئیں‘‘ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں الزام 

Mar 30, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے سینٹ ٹکٹوں میں مشاورت نہ کرنے کا الزام لگا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورکمیٹی کے متعدد ارکان نے الزام  عائد کیا ہے کہ سینٹ کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم غلط کی گئی ہے، بتایا جائے کس نے خیبر پی کے میں سینٹ ٹکٹ فائنل کیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی سینٹ اور ضمنی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر وضاحتیں دیتے رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی میں سوال کیا گیا کہ جو نام بانی پی ٹی آئی کو دیے ان پر پارٹی تنظیم سے مشاورت نہیں ہوئی، جس پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے وضاحتیں دیں کہ سینٹ ٹکٹ بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے جاری ہوئے۔ اجلاس میں افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ جاری کرنے پر سوال اٹھایا گیا، جس پر بیرسٹر گوہر اور سینئر عہدیداروں نے وضاحت دی کہ افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ بانی پی ٹی آئی نے جاری کیا تاہم  پارٹی ورکرز اور رہنماؤں کے احتجاج کے باعث ان کا ٹکٹ واپس لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں درخواستیں فکس نہ ہونے پر لطیف کھوسہ سے وضاحت مانگی گئی۔

مزیدخبریں