چیلنجز کا سامنا، پاکستان کیساتھ کھڑے رہیں گے: جوبائیڈن، شہباز شریف کو خط نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے  وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا گیا ہے  اور یہ وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا پہلا خط ہے۔ اسلام آباد میں امریکی سفاتخانے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر نے اپنے خط میں نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم ہے۔ امریکی صدر  نے کہا دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔ امریکا اور پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے، پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام، 2022 کے سیلاب کے اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔ پاکستان کیساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ، ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔ خیال رہے کہ یہ طویل عرصے کے بعد کسی بھی امریکی صدرکا پاکستانی وزیراعظم کو پہلا سفارتی خط ہے اور یہ تہنیتی خط پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بحالی کا عندیہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن