نیلم جہلم پراجیکٹ نے پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کی: واپڈا  

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبرنگار) منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کے بعد نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ نے گزشتہ روز اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969میگاواٹ بجلی پیدا کی۔ واپڈا نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ٹیل ریس ٹنل کے معائنہ کے بعد نیلم جہلم پراجیکٹ نے رواں ماہ کے آغاز میں بجلی کی پیدا وار دوبارہ شروع کی تھی۔ پراجیکٹ سے پانی کی دستیابی کے مطابق لگاتار بجلی پیدا کی جارہی ہے، جو ماہ رمضان میں دن کے مختلف اوقات خصوصاً سحر اور افطار کے دوران نیشنل گرڈ کو فراہم کی جارہی ہے۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ لو فلو سیزن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور سٹیشن کے آپریشن کو گزشتہ سال بحالی کی گئی ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کے لئے 10 جنوری کو بند کیا گیا تھا، جس کے بعد ٹیل ریس ٹنل کی تفصیلی انسپکشن کی گئی۔ بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل نے بھی ٹیل ریس ٹنل کا معائنہ کیا۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ 969 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا نیلم جہلم اپنی نوعیت کا منفرد پن بجلی منصوبہ ہے، جس کا 90فیصد حصہ زیر  زمین تعمیر کیا گیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں دریائے نیلم پر 2018میں مکمل کئے گئے اس منصوبے کے اہم حصوں میں نوسیری کے مقام پر تعمیر کیا گیا ڈیم، 52 کلو میٹر طویل سرنگوں پر مشتمل زیر زمین واٹر وے سسٹم اور چھتر کلاس کے مقام پر زیر زمین پاور ہاؤس شامل ہیں۔ پاور ہاؤس میں چار پیداواری یونٹ نصب ہیں جن میں ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...