کراچی(این این آئی)وفاقی وزیر سائس اینڈ ٹیکنالوجی اورمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے سندھ حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہاہے کہ اسٹریٹ کرائم کنٹرول نہ کیا تو اپنا تحفظ خود کریں گے،کچھ لوگ جعلی حلقہ بندیوں، ووٹر لسٹ اور مردم شماری سے کراچی پر مسلط ہیں۔ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کی جانب سے شہریوں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ، جس میں ایم کیو ایم رہنمائوں ، اراکین اسمبلی اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کہا کہ شہر میں چور اور سپاہی دونوں مقامی نہیں ، سندھ حکومت کو آخری وارننگ دے رہے ہیں اگر اسٹریٹ کرائم کنٹرول نہ کیا اور اگر تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو سڑکوں پر نکل کو خود اپنی حفاظت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عیدکے بعد ایم کیوایم پاکستان اپنے تحفظ میں آزاد ہوگی ، ہم اپنی عزت اورجان ومال بچانے سڑکوں پر نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ انڈر ورلڈ کے زریعے سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرکے کرپشن کے پیسے کو وائٹ کیا گیا ، ان سے پندرہ سال کی لوٹ مار کا حساب لینا ہے۔ایم کیو ایم رہنمانے کہا کہ تمام تر جبر کے باوجود اپنا مینڈیٹ واپس لیا ، اب جعلی ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں سے قابض جماعت کو سندھ سے بھاگنا ہے۔