لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں رمضان المبارک کے تیسرے جمعۃ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک ہم سب کیلئے خیرو برکت رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں رمضان المبارک کی ستائیسویں شب میں وطن عزیز پاکستان عطا فرمایا۔ رمضان المبارک کا آخری عشرہ ہمارے لیے جہنم سے نجات کا ذریعہ ہوگا، لیلۃ القدر وہ رات ہے جو ہزار مہینوں سے اعلیٰ وبالا ہے، اللہ تعالیٰ کو منانے اور مناجات کی رات ہے، فرزندان توحید اعتکاف کے سنت عمل میں اللہ تعالیٰ کے قرب کو حاصل کریں گے، رجوع الی اللہ ہی تمام مشکلات کا حل ہے۔ غزوہ بدر اسلام کی عظمت و سربلندی کی عظیم الشان کامیابی ہے، حق و باطل کے درمیان پہلا فیصلہ کن معرکہ غزوہ بدر تھا جس میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو عظیم فتح عطا فرمائی، 17رمضان المبارک کو تاریخ اسلامی نہایت عظیم الشان ایمان افروز اور حیریت انگیز معرکہ غزوہ بدر پیش آیا، فتح مکہ کی یاد آج بھی عالم اسلام کو امن و محبت اور وحدت کا درس دے رہی ہے، فتح مبین فتح مکہ آج بھی انسانوں کو حقیقی عالمی امن کی ضمانت دیتا ہے، آٹھ ہجری رمضان المبارک میں لوگوں نے ایسی فتح کا عظیم منظر دیکھا جس کی مثال نہیں ملتی۔ ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ کی دین اسلام کی سربلندی و بقاء کیلئے عظیم خدمات کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔
غزہ بدر عظیم کامیابی، فتح مکہ حقیقی عالمی امن کی ضمانت: عبدالخبیر آزاد
Mar 30, 2024