اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کا کہنا ہے کہ آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے تحریک بہت جلد شروع کررہے ہیں۔ہائی کورٹ کے ججز پر جس طرح دباؤ ڈالا گیا اور ان کو ڈرایا دھمکایا گیا یہ اب سپریم کورٹ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہائی کورٹ کے ججز کو مکمل تحفظ فراہم کریں، ہائی کورٹ کے معزز ججز کی توہین میں شہباز شریف کا مکمل ہاتھ ہے۔ پچھلے دو سال میں تحریک انصاف اور عدلیہ کے ججز کو شہباز شریف کے دور حکومت میں ہراساں کیا گیا، ججز کے ساتھ یہ واقعات پورے پاکستان پیش آئے ہیں لیکن ہائی کورٹ کے ان 6 ججز نے جو بہادری دکھائی ہیں یہ قوم کے ہیرو ہیں۔ میں پاکستانی شہری اور قومی اسمبلی کے ممبر کے حیثیت سے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ان ججز کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے، میرا وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کو مشورہ ہے کہ وفاق کے ساتھ روابط ختم کر دیں کیونکہ انہوں نے آپ کا کوئی مطالبہ نہیں ماننا، انہوں نے ابھی تک ایک افسر بھی آپ کے کہنے پر نہیں لگایا نہ صوبے کے بقایاجات پر کوئی پیشرفت ہوئی ہے۔